سابقہ بیوی کا قتل مجرم کومرتے دم تک پھندے پرلٹکائے رکھنے کا حکم

امریکی خاتون کے شوہر حبیب کو اغواء کے جرم میںدس سال قید ایک لاکھ جرمانے، کیس کے شواہد مٹانے کے جرم میں7سال قید ، ایک لاکھ جرمانہ کی سزا بھی سنائی گئی 
  راولپنڈی(خصوصی رپورٹ )عدالت نے پراپرٹی تنازع پر امریکی شہریت یافتہ سابقہ بیوی کے قتل کے جرم میں شوہر کو مرتے دم تک پھانسی کے پھندے پر لٹکائے رکھنے کا حکم  جاری کردیا۔اربوں روپے کی پراپرٹی کے تنازع پر امریکی خاتون کے اغوا ء اور قتل کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا، جس میں  عدالت نے مقتولہ کے سابق شوہر رضوان حبیب کو سزائے موت، 5لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی ہے۔عدالت نے اغوا ء کے جرم میں 10سال قید،1لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔ اسی طرح کیس کے شواہد مٹانے کے جرم میں7سال قید  اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی جب کہ شریک ملزم سلطان کو 7سال قید اور 1لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔عدالت نے حکم دیا کہ مجرم کو اس وقت تک پھانسی کے پھندے پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت واقع نہ ہو جائے۔عدالت کے فیصلہ سنائے جانے کے وقت امریکی سفارت خانہ کے 3سفارت کار اور ایک ایف بی آئی آفیسر بھی موجود تھے۔ امریکی سفارت کاروں کی جانب سے سزا پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔عدالتی فیصلے کے بعد مجرم سابق شوہر رضوان حبیب کو کڑے پہرے میں اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا  ہے۔