جون میں مشترکہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد تعاون بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا: امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے دہشتگردی صرف پاکستان کی جنگ نہیں بلکہ اس سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کو تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کو بھی امریکہ کی طرح غیر قانونی تارکین وطن کے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر داخلہ نے یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار ایریک میئر سے ملاقات میں کہی جنہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے موقع پر ان سے اہم ملاقات کی ہے۔ملاقات میں قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر، وفاقی وزیر طلال چوہدری اور سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی شریک تھے ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایریک میئر میں پاک امریکا تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ دہشتگردی، اسمگلنگ اور انسداد منشیات کے شعبوں میں اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ جون میں مشترکہ کائونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کا انعقاد تعاون بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔