بڑھتی آبادی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے: احسن اقبال

بڑھتی آبادی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے: احسن اقبال

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تیزی سے بڑھتی آبادی قدرتی وسائل پر دباؤ میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے، اس لیے زمین اور پانی کے مؤثر اور پائیدار استعمال کے لیے مربوط اور جامع منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

اسلام آباد میں مربوط زمین و آبی استعمال کی منصوبہ بندی کے حوالے سے منعقدہ قومی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو محدود وسائل کے بہترین استعمال کے ساتھ ساتھ پانی کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے طویل المدتی اور پائیدار حکمت عملی اپنانا ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ترقی کے منصوبوں میں زمین اور پانی کے وسائل کو مرکزی اہمیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ترقیاتی منصوبہ بندی میں سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی سازی کی جائے تاکہ دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے باعث خوراک، پانی اور دیگر بنیادی وسائل کی ضروریات بڑھ رہی ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی وسائل کو مزید چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان حالات میں وسائل کے استعمال اور تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا ضروری ہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطے اور مختلف اداروں کے مابین بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے خوراک، پانی اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق چیلنجز کا زیادہ مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ زمین اور آبی وسائل سے متعلق منصوبہ بندی صرف ایک ادارے یا حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لیے تمام متعلقہ اداروں، ماہرین اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی ورکشاپ اور تکنیکی ورکنگ گروپ کی سفارشات مستقبل کی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ ان سفارشات کی روشنی میں ایسے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا جن سے قدرتی وسائل کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک کی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا ناگزیر ہے۔ آنے والی نسلوں کے لیے زمین، پانی اور دیگر قدرتی وسائل کا تحفظ حکومت، اداروں اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔