پشاور: 4 ملزمان کا گھر میں گھس کر شوہروں کو باندھ کر خواتین سے مبینہ گینگ ریپ

پشاور: 4 ملزمان کا گھر میں گھس کر شوہروں کو باندھ کر خواتین سے مبینہ گینگ ریپ

پشاور میں رنگ روڈ، تھانہ رحمان بابا کی حدود میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس کے مطابق مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور وہاں موجود دو خواتین کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر دونوں خواتین کے شوہروں کو باندھ دیا، جس کے بعد خواتین سے زیادتی کی گئی۔ واقعے کے بعد ملزمان خواتین کے موبائل فونز بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کے مطابق واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام نے واقعے کو گینگ ریپ قرار دیا ہے۔

7 سالہ بچی بھی موقع پر موجود تھی
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک 7 سالہ بچی بھی گھر میں موجود تھی۔ ایس ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ بچی کو بھی مبینہ طور پر نامناسب انداز میں چھوا گیا، جس کے باعث مقدمے میں چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔واقعے کے بعد متاثرہ خواتین مبینہ طور پر پیدل چل کر تھانے پہنچیں اور پولیس کو واقعے سے متعلق آگاہ کیا۔

پولیس کی کارروائی
پولیس حکام کے مطابق شکایت موصول ہونے کے بعد واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی گئی اور چار مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا تعین کیا جاسکے۔اس نوعیت کے مقدمات میں متاثرین کی شناخت اور نجی معلومات کو قانون اور صحافتی اخلاقیات کے مطابق خفیہ رکھنا روری ہے۔