نائن کلاس میں میٹرک ٹیک کے داخلوں میں کمی کا انکشاف

لاہور(خصوصی رپورٹ)لاہور سمیت پنجاب بھر میں نائن کلاس میں میٹرک ٹیک کے داخلوں میں کمی کا انکشاف ہوا ہے، طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ سائنس گروپ کے مقابلے میں ٹیک کے طلبہ پر ایک اضافی مضمون کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے، جس کے باعث نئے نظام میں دلچسپی کم ہو رہی ہے۔طلبہ کے مطابق میٹرک ٹیک کے مختلف گروپس میں اضافی مضامین شامل کیے گئے ہیں۔آئی سی ٹی گروپ میں کیمسٹری، فیشن گروپ میں جنرل سائنس، ہیلتھ سائنس گروپ میں فزکس جبکہ زراعت گروپ میں ریاضی کا مضمون پڑھنا ضروری ہے۔طلبہ و طالبات کا مئوقف ہے کہ جب سائنس گروپ میں چار مضامین رکھے گئے ہیں تو میٹرک ٹیک کے گروپس میں بھی چار مضامین ہی ہونے چاہئیں۔ اضافی مضمون کی وجہ سے طلبہ پر پڑھائی کا بوجھ بڑھ رہا ہے، جس کے باعث میٹرک ٹیک پروگرام توقعات کے مطابق مقبول نہیں ہو رہا۔طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ اگر حکومت میٹرک ٹیک پروگرام کو کامیاب بنانا چاہتی ہے تو نصاب میں غیر ضروری بوجھ کم کرنا ہوگا۔ طلبہ کے مطابق ٹیکنیکل تعلیم کو آسان اور عملی بنایا جائے۔