2 ملزم گرفتار، 1کروڑ شہریوں کا حساس ڈیٹا برآمد

 این سی سی آئی اے پنجاب کی تحقیقات جاری، مزید گرفتاریاں متوقع، ارسلان اور علی رضا ’’منی نادرا‘‘ویب سائٹ چلا رہے تھے
 لاہور(کرائم رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی پنجاب نے ’’منی نادرا‘‘ویب سائٹ چلانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 3 ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد کرلیا، ملزمان کی جانب سے ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کرکے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے پنجاب نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے محمد ارسلان اور علی رضا کو گرفتار کر لیا، ملزموں کے قبضے سے شہریوں کی سم کارڈ ملکیت و رجسٹریشن، سی ڈی آرز، سم ڈیٹا بیس اور لوکیشن سمیت حساس معلومات پر مشتمل ڈیٹا برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق برآمد ڈیٹا میں شہریوں کے فیملی ٹری اور مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں، ملزمان نے ’’منی نادرا‘‘ کے نام سے ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جہاں نادرا سے متعلق معلومات فراہم کی جاتی تھیں ،ملزمان حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت کے علاوہ ’’کھوجی‘‘نامی پلیٹ فارم تک رسائی میں بھی ملوث رہے ہیں، معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔