گزشتہ 15سال سے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں
لاہور(آئی این پی )سول ڈیفنس لاہور نے مختلف محکموں اور دفاتر میں تعینات 38 رضاکاروں کو اچانک نوکری سے فارغ کر دیا، رضاکاروں کو فارغ کیے جانے کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ رپورٹ کے مطابق فارغ کیے گئے رضاکار ڈی سی آفس، سول ڈیفنس آفس، ٹائون ہال سمیت مختلف دفاتر میں فرائض سرانجام دے رہے تھے۔ رضاکاروں میں آفس بوائز اور ڈرائیورز کے علاوہ پی آر ڈیپارٹمنٹ، کنٹرول روم، آئی ٹی، شکایات سیل اور فوٹوگرافی کے فرائض انجام دینے والے اہلکار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض رضاکار گزشتہ 15، 15 سال سے ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے، تاہم انہیں بھی بغیر کوئی وجہ بتائے اچانک فارغ کر دیا گیا۔ فارغ کیے گئے رضاکاروں کے مطابق انہیں تاحال تنخواہیں بھی ادا نہیں کی گئیں، جس کے باعث انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔