ہلاک ہونیوالے ملزم طیب کے قبضے سے کروڑوں مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد
فیصل آباد(آئی این پی )فیصل آباد میں سی سی ڈی کیساتھ مقابلے کے دوران پنجاب کا سب سے بڑا آئس ڈیلر طیب ہلاک ہوگیا۔تفصیل کے مطابق سی سی ڈی کی ایک بڑی کارروائی کے دوران پنجاب کے سب سے بڑے آئس ڈیلر طیب مقابلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے تین ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔بہادری والا پل کے مقام پر قائم ناکے پر سی سی ڈی نے موٹرسائیکل پر سوار چار مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ اس دوران ملزمان نے مبینہ طور پر فائرنگ شروع کر دی، اور جوابی فائرنگ کے تبادلے میں مرکزی ملزم طیب ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے تین نامعلوم ساتھی فرار ہو گئے۔حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم طیب کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی ہے، جن میں 34 کلو گرام آئس، 20 کلو گرام افیون اور 14 کلو گرام چرس شامل ہے۔ابتتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم کا نیٹ ورک انتہائی منظم تھا اور وہ خواتین کے ذریعے شہر کے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات سپلائی کیا کرتا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کا بھائی وقاص بھی اس گھنانے نیٹ ورک میں شامل ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مفرور تینوں ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔