بھارت پاکستان سمیت دنیا میں دہشت گردی کررہا ہے:عطاء تارڑ

پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دو قومی نظریئے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے
پاکستان نے ہمیشہ امن و انصاف کی بات کی ہے:وزیراطلاعات کا تقریب سے خطاب
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے   پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دو قومی نظریے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی تصنیف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے  وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ  نے کہا کہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات انجام  دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دو قومی نظریے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔  پاکستان نے کبھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارت کی موجودہ حکومت نے وہاں اقلیتوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔ بھارتی حکومت اب دنیا میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ کینیڈا اور دیگر ملکوں میں سکھوں کے قتل کے واقعات بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہیں۔