راولپنڈی: نرس پر تشدد کیس میں ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم

راولپنڈی: نرس پر تشدد کیس میں ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم

راولپنڈی میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی اسٹاف نرس پر مبینہ تشدد کے مقدمے میں عدالت نے ملزمہ زربینہ بی بی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔

عدالت نے ملزمہ کو سات روز کے اندر 30 ہزار روپے مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قاسم جاوید نے کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ نرس اور ملزمہ کے درمیان جھگڑے کی بنیاد پر خاتون کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں بنتا۔مقدمے کے مطابق زربینہ بی بی راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں زیرِ علاج ایک مریضہ کی رشتہ دار تھی۔ اسپتال میں علاج معالجے کے معاملے پر اس کا اسٹاف نرس ستارہ سلیم کے ساتھ جھگڑا ہوگیا تھا۔اسٹاف نرس ستارہ سلیم نے ملزمہ کے خلاف تشدد کرنے اور کپڑے پھاڑنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کروایا تھا۔ اس مقدمے میں زربینہ بی بی نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی۔

عدالت نے کیس کی سماعت کے بعد ملزمہ کی عبوری ضمانت کنفرم کرتے ہوئے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی۔ سماعت کے موقع پر مقدمے کی مدعی اسٹاف نرس ستارہ سلیم بھی عدالت میں موجود تھیں۔عدالتی فیصلے کے بعد ملزمہ کی عبوری ضمانت برقرار ہوگئی ہے، تاہم مقدمے میں عائد الزامات اور ان کی قانونی حیثیت کا تعین متعلقہ عدالتی کارروائی کے دوران ہوگا۔