ملائیشیا میں فضائی آلودگی، کئی علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے

ملائیشیا میں فضائی آلودگی، کئی علاقوں میں اسکول بند کر دیے گئے

انڈونیشیا کے جنگلات اور زمینوں میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والے دھوئیں نے ملائیشیا کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث فضائی آلودگی غیر صحت بخش سطح پر پہنچ گئی۔

 صورتحال کے پیش نظر جمعے کے روز کئی ریاستوں اور وفاقی و انتظامی دارالحکومتوں میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کی وزیر تعلیم فاضلینہ صدیق نے جمعرات کی شب فیس بک پر جاری بیان میں بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں جوہر، ملاکا، نگری سمبیلان اور سیلانگور شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دارالحکومت کوالالمپور، انتظامی مرکز پوتراجایا اور ریاست پہانگ کے ضلع رومپن میں بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ملائیشیا کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعے کی صبح ملک کے 37 علاقوں میں فضائی آلودگی کا انڈیکس غیر صحت بخش سطح پر ریکارڈ کیا گیا۔ ملائیشیا کے ایئر پولیوٹنٹ انڈیکس کے مطابق 101 سے 200 تک کی سطح غیر صحت بخش، 201 سے 300 تک انتہائی غیر صحت بخش جبکہ 300 سے زیادہ کی سطح خطرناک تصور کی جاتی ہے۔وزیر تعلیم نے ریاستی اور ضلعی تعلیمی حکام کو ہدایت کی کہ وہ فضائی آلودگی اور دھند کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات کریں۔ حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں فضائی معیار کی نگرانی بھی جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا کے مختلف صوبوں میں جنگلات اور زمینوں پر لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ آگ سے اٹھنے والا دھواں ملائیشیا اور سنگاپور سمیت پڑوسی ممالک تک پہنچ رہا ہے، جس سے خطے میں فضائی معیار متاثر ہو رہا ہے۔ اس صورتحال سے معمولات زندگی کے ساتھ صحت عامہ کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے جمعرات کو بتایا کہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو نے دھند کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کے مطابق ملائیشیا نے اس معاملے میں انڈونیشیا کو تعاون کی پیشکش بھی کی ہے۔وزیراعظم انور ابراہیم نے مزید کہا کہ انہوں نے وزیر خارجہ کو جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے رکن ممالک کے وزرا کا اجلاس بلانے کے لیے کوششیں کرنے کی ہدایت کی ہے، تاکہ فضائی آلودگی کے اس علاقائی مسئلے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جا سکے اور انڈونیشیا کی کوششوں میں معاونت فراہم کی جا سکے۔ملائیشیا کے حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں صورتحال کی نگرانی جاری رہے گی، جبکہ دھوئیں اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے علاقائی تعاون کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔