اسلام آباد میں رجسٹرڈ کلینکس پر بغیر لائسنس ادویات بیچنے پر پابندی

اسلام آباد(آئی این پی ) محکمہ صحت نے آئینی عدالت کے فیصلے کی روشنی میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد میں رجسٹرڈ کلینکس پر بغیر لائسنس ادویات کی سیل پر پابندی عائد کر دی۔اسلام آباد میں غیر قانونی میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں محکمہ صحت اسلام آباد نے غیر قانونی میڈیکل اسٹورز کے خلاف متعلقہ اداروں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔مراسلہ اسلام آباد محکمہ صحت کے کوالٹی کنٹرول بورڈ کے سیکریٹری اور سینئر انسپکٹر ڈرگز سردار شبیر احمد نے پی ایم ڈی سی، آئی ایچ آر اے، اور ڈی ایچ او کو جاری کیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں رجسٹرڈ کلینکس پر ادویہ کی سیل کیلئے لائسنس لازم ہے، رجسٹرڈ کلینکس پر بھی لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت جرم ہے، نیز رجسٹرڈ کلینکس پر محدود مقدار میں ادویات فروخت ہو سکتی ہیں۔