آن لائن جعلی کمپنیوں کے آئی پی ایڈریسز بلاک کرنیکا فیصلہ

 فراڈ میں ملوث کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی:ڈی جی انفورسمنٹ 
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ عمران قریشی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔آن لائن خریداری کے طریقہ کار میں مجوزہ تبدیلیوں، جعلی کمپنیوں اور آن لائن فراڈ کے تدارک سمیت مارکیٹوں میں انفورسمنٹ کارروائیوں کے دوران سکیورٹی انتظامات اور آن لائن خریداری کو مزید شفاف بنانے اور صارفین کو فراڈ سے محفوظ رکھنے کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ ڈی جی انفورسمنٹ نے کہا آن لائن پروڈکٹس کی خریداری اور ادائیگی طریقہ کار کو مزید شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو دھوکہ سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اجلاس میں جعلی کمپنیوں اور آن لائن فراڈ کے سدباب کیلئے ایسی کمپنیوں کے آئی پی ایڈریسز کو پنجاب کی حدود تک بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی جی کاکہناتھا کہ جعلی کمپنیوں کو کاروباری سرگرمیوں سے روکنے کیلئے مئوثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، آن لائن فراڈ میں ملوث کمپنیوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔جلاس میں شہریوں کو آن لائن خریداری پرفراڈ سے محفوظ رکھنے کیلئے پیمنٹ آن ڈلیوری پر بھی زور دیا گیا۔ ڈی جی انفورسمنٹ نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ آن لائن فراڈ کی روک تھام اور مارکیٹوں میں مئوثر انفورسمنٹ کیلئے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے اور خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔