مشکل بات یہ سیکھنا ہے جب انا بولنا چاہے تو خاموش رہا جائے:عثمان طارق

قومی سپنر نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں 6 میچز کھیل کر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستانی اسپنر عثمان طارق نے قومی سکواڈ میں جگہ نہ ملنے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پراسرار پیغام شیئر کردیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز اور انگلینڈ و سری لنکا پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے ٹیموں کا اعلان کیے جانے کے کچھ دیر بعد عثمان طارق نے انسٹاگرام سٹوری پر لکھا، حکمت کی سب سے مشکل بات یہ سیکھنا ہے کہ جب انا بولنا چاہے تو خاموش رہا جائے۔ 29سالہ سپنر نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 6 میچز کھیل کر 10 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کے سب سے کامیاب بائولر رہے۔تاہم انہیں سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز یا آئندہ ون ڈے ٹرائی سیریز کے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔دوسری جانب سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی کپتانی سے ہٹا کر صاحبزادہ فرحان کو نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 9 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔