پروازوں اور آنسوئوں کا برسوں پرانا تعلق ہے:یمنیٰ زیدی

میں آج بھی کام کے لیے گھر سے نکلتے ہوئے رو پڑتی ہوں:اداکارہ
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ یمنیٰ زیدی نے گھر اور اہلِ خانہ سے دور ہونے کے جذباتی لمحے کی جھلک مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی۔یمنی زیدی نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ کام کے لیے گھر سے روانگی کے دوران طیارے میں بیٹھی آبدیدہ نظر آئیں، اداکارہ کی آنکھوں میں آنسو تھے جبکہ وہ ہلکی مسکراہٹ کے ساتھ ایئر فونز لگائے بیٹھی تھیں۔اداکارہ نے بتایا ہے کہ کئی برس سے شوبز کی مصروفیات کا حصہ ہونے کے باوجود کام کے لیے گھر سے نکلتے ہوئے میری آنکھیں آج بھی نم ہو جاتی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ یمنی زیدی نے لکھا ہے کہ پروازوں اور آنسوئوں کا برسوں پرانا تعلق ہے، میں آج بھی کام کے لیے گھر سے نکلتے ہوئے رو پڑتی ہوں کیونکہ مجھے اپنے خاندان سے دور ہو کر دنیا کا سامنا کرنا اور سب کچھ سنبھالنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ میں ان آنسوئوں کی عادی ہو چکی ہوں لیکن عجیب طور پر اب مجھے ان جذبات سے محبت بھی ہونے لگی ہے، کیونکہ زندگی ایک استاد ہے۔