تائیوان نے امریکی حمایت پر شکریہ ادا کیا

تائیوان نے امریکی حمایت پر شکریہ ادا کیا

تائیوان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا نے متعدد مواقع پر تائیوان کی حمایت کے حوالے سے اپنا واضح مؤقف اپنایا ہے، جس پر تائیوان حکومت نے شکریہ ادا کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق تائیوان آبنائے اور انڈو پیسیفک خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ چین کی پالیسیز ہیں، جو خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہی ہیں۔دوسری جانب چینی صدر شی جن پنگ نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے دوران کہا ہے کہ تائیوان کا مسئلہ چین اور امریکا کے تعلقات میں سب سے اہم اور حساس معاملہ ہے۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق بیجنگ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران شی جن پنگ نے کہا کہ اگر تائیوان کے مسئلے کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو اس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا کو ایک دوسرے کا حریف نہیں بلکہ شراکت دار سمجھنا چاہیے، اور دونوں ممالک کو عالمی استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔چینی صدر نے امریکی وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور بین الاقوامی نظام مختلف چیلنجز سے گزر رہا ہے، جس میں بڑی طاقتوں کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔