علیمہ خان کی مقدمات درج کرانے کی درخواستوں پر دلائل مکمل، عدالت کا فیصلہ محفوظ

علیمہ خان کی مقدمات درج کرانے کی درخواستوں پر دلائل مکمل، عدالت کا فیصلہ محفوظ

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کی جانب سے اندراجِ مقدمات کی درخواستوں پر سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کے روبرو علیمہ خان کی جانب سے دائر مقدمات اندراج کی درخواستوں پر دلائل مکمل ہوگئے، جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔علیمہ خان نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اڈیالہ جیل کے باہر کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، جس پر مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ اسی طرح اڈیالہ جیل کے باہر انڈہ پھینکنے کے واقعے پر مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت بھی مکمل ہوگئی۔اس موقع پر عمران خان کی تینوں بہنیں — علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین خان — راولپنڈی کچہری پہنچیں۔ انہوں نے عدالت میں ایک الگ درخواست میں استدعا کی کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق عمران خان کو جیل مینوئل کے تحت سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کارکنوں سمیت علیمہ خان اور ان کی بہنوں کو گرفتار کر کے رات گئے ویران مقامات پر چھوڑ دیا جاتا ہے، جو سنگین خطرہ ہے، لہٰذا اس عمل سے روکا جائے۔ مزید یہ کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق آئسولیشن ختم کرنے کا بھی حکم دیا جائے۔