یہ دورہ آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے، لیکن ویزا مسئلہ نہیں :کیئر سٹارمر
لندن(آئی این پی )برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے کی طرف نہیں بڑھے گا۔ملکی خبر رساں ادارے مطابق کیئر سٹار مر نے بدھ سے انڈیا کا دو روزہ دورہ شروع کیا ہے جس میں ان کے ہمراہ مختلف کاروباروں سے منسلک ٹریڈ مشن بھی ہے جو تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے پر بات کرے گا۔برطانیہ اور انڈیا کے مابین تجارتی معاہدے پر مئی میں اتفاق کیا گیا تھا، جولائی میں اس پر دستخط کیے گئے جبکہ اگلے سال اس کا نفاذ ہونے والا ہے۔وزیراعظم سٹارمر نے کہا کہ ویزوں نے تجارتی معاہدے تک پہنچنے کی پچھلی کوششوں کو روک دیا تھا، اور یہ کہ ایک ایسے معاہدے تک پہنچنے کے بعد جس میں ویزوں کے کوئی مضمرات نہیں، وہ آج جمعرات کو انڈین وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات اور بات چیت میں اس معاملے پر دوبارہ غور نہیں کرنا چاہتے۔ بھارت کے سفر پر روانہ ہوتے ہوئے برطانوی وزیراعظم نے ویزوں کے بارے میں پوچھے جانے پر صحافیوں کو بتایا کہ یہ منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے ہیں۔برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کاروبار اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ لیکن ویزا مسئلہ نہیں ہے