راولپنڈی، مذہبی جماعت کا احتجاج ، خطرناک اشیا پہنچانے کی کوشش ناکام

54 ڈنڈے، 37 غلیلیں، سینکڑوں کی تعداد میں قنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد کئے گئے 
 سامان 10 اکتوبر کو مذہبی سیاسی جماعت کے احتجاج کیلئے کارکنان میں تقسیم کیا جانا تھا
راولپنڈی(آئی این پی )راولپنڈی میں مذہبی سیاسی جماعت کے پرتشدد احتجاج و ریلی کے لئے خطرناک اشیا کی ترسیل کرنے والے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان سے 54 ڈنڈے، 37 غلیلیں، سینکڑوں کی تعداد میں قنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد ہوئے، مذکورہ سامان 10 اکتوبر کو مذہبی سیاسی جماعت کے احتجاج کیلئے کارکنان میں تقسیم کیا جانا تھا۔چکلالہ پولیس نے مشکوک گاڑی کو روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے ڈنڈے، غلیلیں، قنچے اور نمک کے پیکٹ برآمد ہوئے، پولیس نے دہشتگردی اور مجرمانہ سازش کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سیاست کی آڑ میں پرتشدد سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں یا شہریوں پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔