جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کشمیرکی ترقی و خوشحالی کیلئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا :مذاکرتی ٹیم سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت اپنے کشمیری بھائیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات جاری رکھے گی۔آزاد کشمیر میں کامیاب مذاکرت کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں راجہ پرویزاشرف، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، سرداریوسف، طارق فضل اور احد چیمہ سمیت دیگر موجود تھے۔ اس موقع پرمذاکراتی کمیٹی نے وزیر اعظم کو جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کے حوالے سے بریف کیا ۔وزیراعظم نے مذاکراتی کمیٹی کے اراکین کی کشمیر میں معاملات احسن طور سے حل کرنے کے لئے کوششوں کی پذیرائی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے بھی کشمیرکی ترقی و خوشحالی کے لئے معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جس کیلئے وہ لائق تحسین ہیں، کشمیر میں تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل ہوئے، کشمیری عوام کے تمام تحفظات کو دور کیا جائے گا۔