نجی کمپنیوں کو ٹرینیں چلانے کی اجازت دینے کا فیصلہ

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)وفاقی حکومت نے پاکستان ریلوے کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور قانون میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے کے انتظامی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوں اور نجی شعبے کی شمولیت کے لیے ریلوے بورڈ بل 2026 پارلیمنٹ میں منظوری کے لیے پیش کردیا۔مجوزہ قانون کے تحت نجی کمپنیوں کو اپنے انجنوں اور بوگیوں کے ذریعے ریلوے ٹریک پر مسافر اور مال بردار ٹرینیں چلانے کی اجازت دی جائے گی۔بل کے تحت 1962 کے ریلوے آرڈر میں ترمیم کرکے پاکستان ریلوے کو سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق قانون 2023 کے مطابق چلایا جائے گا۔ ریلوے بورڈ کی ازسرنو تشکیل کرتے ہوئے سات آزاد ارکان مقرر کیے جائیں گے جن میں کم از کم ایک خاتون کی شمولیت لازمی ہوگی۔ آزاد ارکان کی مدت تین سال ہوگی اور وہ زیادہ سے زیادہ دو مرتبہ عہدے پر رہ سکیں گے۔مجوزہ قانون کے مطابق ریلوے بورڈ کے چیئرمین سیکریٹری ریلوے ڈویڑن ہوں گے، جبکہ پاکستان ریلوے کے سینئر جنرل منیجر اور چاروں صوبوں کے چیف سیکر ٹریز بھی بورڈ کے ارکان ہوں گے۔