فیصل آباد: بھیک مانگ کر کم پیسے لانے پر 10 سالہ بھتیجی نشاء پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے افسوسناک واقعے میں پولیس نے مرکزی ملزم چچا عامر مشتاق کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ سونیا کے ساتھ مل کر کمسن بچی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور اس پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ تاندلیانوالہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں 10 سالہ نشاء کو بھیک مانگنے کے لیے بھیجا جاتا تھا۔ الزام ہے کہ بچی جب بھیک مانگ کر واپس آئی تو اس کے پاس توقع سے کم رقم تھی، جس پر اس کے چچا عامر مشتاق اور چچی سونیا نے ناراضی کا اظہار کیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم رقم لانے پر ہونے والی رنجش کے باعث ملزمان نے بچی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے وہ جھلس کر زخمی ہوگئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی شروع کردی۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے اور ایس پی صدر سعید سیال کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ایس ایچ او صدر تاندلیانوالہ سہیل اسلم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عامر مشتاق کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعے میں مبینہ طور پر ملوث ملزمہ سونیا کی گرفتاری کے لیے بھی قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔