عارف والا: پنجاب کے شہر عارف والا سے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے دو کم عمر بچے پاکپتن سے بے ہوشی کی حالت میں برآمد کرلیے گئے۔
دونوں بچوں کی بازیابی کے بعد انہیں طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال پاکپتن منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ذرائع کے مطابق برآمد ہونے والے دونوں بچوں کی عمریں 7، 7 سال بتائی جارہی ہیں، جن کی شناخت علی اکبر اور شیر علی کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں بچے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے، جس پر ان کے والدین نے قریبی تھانے میں بچوں کے مبینہ اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا۔بچوں کی گمشدگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ان کی تلاش شروع کردی تھی۔ بعدازاں دونوں بچوں کو پاکپتن سے بے ہوشی کی حالت میں برآمد کرلیا گیا۔ پولیس نے فوری طور پر انہیں اسپتال منتقل کیا تاکہ ان کی طبی حالت کا جائزہ لے کر ضروری علاج فراہم کیا جاسکے۔
واقعے کے حوالے سے تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ دونوں بچوں کو اغوا کیا گیا تھا یا وہ کسی بیگار کیمپ چلانے والے گروہ کے ہتھے چڑھ گئے تھے۔ بچوں کے لاپتہ ہونے اور پھر بے ہوشی کی حالت میں دوسرے شہر سے ملنے کے واقعے نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کو ہوش آنے کے بعد ان کے بیانات اور والدین سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں واقعے کے اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے تاکہ بچوں کے لاپتہ ہونے کی وجوہات اور اس میں ملوث ممکنہ عناصر کا پتا لگایا جاسکے۔