لاہور، اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں آج بھی بارش کا کوئی امکان نہیں، محکمہ موسمیات نے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ لاہور میں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمی صورتحال کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک رہے گا، تاہم بعض علاقوں میں آسمان پر بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فیصد سے زائد ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں بعد از دوپہر مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔ صوبے کے کسی بھی علاقے میں فی الحال بارش کی پیشگوئی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ تاہم صوبے کے پہاڑی علاقوں میں بادل چھائے رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بعض اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔ صوبے کے شمالی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے۔