تبلیغی اجتماع: پنڈال کے اطراف 200سے زائد کیمرے نصب

 ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، موبائل اسکواڈ و دیگر پٹرولنگ گاڑیاں متواتر گشت کریں
 لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے تبلیغی اجتماع رائیونڈکے دوسرے مرحلے کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات ترتیب دیئے گئے ہیں۔ 03 ایس پیز،10 ڈی ایس پیز،41 ایس ایچ اوز،252 اَپر سبارڈینیٹس سمیت03ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ شرکاء کی راہنمائی کیلئے پنڈال میں 15 مقامات پرپولیس کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ پنڈال میں داخلے کے لئے 02داخلی راستے مختص، 06مقامات پرناکے اور40واک تھرو گیٹس بھی لگائے گئے ہیں جبکہ مسلسل  مانیٹرنگ کے لئے پنڈال کے اطراف میں 200سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے دوسرے مرحلے کے لئے بھر پور سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تبلیغی مرکز کے داخلی گیٹس،خیمہ بستیوں، پنڈال، پارکنگ سٹینڈز اور اطراف میں جاری سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ منتظمین کے تعاون سے جلوس کے شرکاء کی چیکنگ کے عمل کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ شرکاء کو واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ کے بعد مرکزی پنڈال میں شامل ہونے کی اجازت ہو گی۔سی سی پی او لاہور نے اجتماع کی سکیورٹی، پارکنگ اور ٹریفک کے مربوط انتظامات عمل میں لائے جانے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی ناکوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو، موبائل اسکواڈ و دیگر پٹرولنگ گاڑیاں متواتر گشت کریں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سپروائزری افسران مرکزی پنڈال،خیمہ بستیوں اور پارکنگ سٹینڈز سمیت تمام اہم پوائنٹس پر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لینے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران اجتماع کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔انہو ں نے کہاکہ پولیس افسران اور اہلکار انتہائی چوکس رہیں، مشکوک افراد، سامان اور گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شرکاء چیکنگ پوائنٹس پر تعینات پولیس کے جوانوں سے تعاون کریں۔ انہوں نے پولیس ٹیموں کورائیونڈ اجتماع سے ملحقہ آبادیوں میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔