گوشت 526 پر پہنچ گیا،انڈے بھی 2 روپے مہنگے، 2روز میں3سبزیوں کی قیمتوں میں کمی، 6 کی قیمت میں اضافہ
میڈیکل سٹورز پر عام ماسک 5کے بجائے10، سجاوٹی ماسک 100 میں فروخت،این نائنٹی فائیو 300روپے پر ہو گیا
لاہور(کامرس رپورٹر)چکن ایک ہی روز 22 روپے کلو مہنگا جبکہ ماسک کی قیمتیں 2 گنا بڑھ گئیں،انڈوں کے نرخوں میں 2 روپے درجن اضافہ ہو گیا،دو روز میں3سبزیوں کی قیمتوں میں کمی، 16 مستحکم ،6 مہنگی ہوئیں۔تفصیل کے مطابق لاہور میں مرغی کا گوشت 22 روپے کلو مہنگا ہونے سے 526 روپے ہو گیا۔انڈوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، انڈے مزید 2 روپے مہنگے ہونے سے 327 روپے درجن ہو گئے ۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق بینگن، میتھی اورپالک کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔پیاز، چائنہ و تھائی لینڈ ادرک، ہارنی لہسن، مٹر اور ٹماٹر کی قیمت میں اضافہ ہوا۔دوسری طرف لاہورمیں سموگ سے ماسک کی بڑھتی ڈیمانڈ کے پیش نظر قیمتوں میں دوگنا اضافہ کر دیا گیا۔ قیمتوں میں اضافے سے خریدار پریشان ہیں۔ میڈیکل سٹورز پر عام ماسک اب5کے بجائے10روپے اور کپڑے کے سجاوٹی ماسک سو روپے میں فروخت ہو رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں این نائنٹی فائیو کی قیمت اڑھائی سو کے بجائے 300روپے پر پہنچ گئی۔ سجاوٹی ماسک 60روپے سے 500روپے میں دستیاب ہیں۔