ڈکیتی اور پولیس پر حملوں سمیت درجنوں سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس کچہ کریمنلز کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اسی سلسلے میں پنجاب پولیس رحیم یار خان نے ایک او رکاروائی کرتے ہوئے 01 خطرناک ڈاکو کو کیفرکردار تک پہنچادیا ہے۔ ہلاک ڈاکو حیدری ملنگ اندھڑ گینگ کا سرگرم رکن تھا جس کی شناخت حیدری ملنگ کے نام سے ہوئی ہے، ہلاک ڈاکو بھونگ میں 03 پولیس اہلکاروں کی شہادت، اغواء برائے تاوان،ڈکیتی اور پولیس پر حملوں سمیت درجنوں سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا۔ہلاک ڈاکو کے قبضہ سے کلاشنکوف، متعدد میگزینزاور سینکڑوں گولیاں بھی برآمدہوئی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ آپریشن خفیہ اطلاعات پر سندھ کے موضع پکا چانڈیہ سے ملحقہ موضع دااعوالہ بستی سعید عباسی کے عقب میں کیا گیا۔ پولیس کو ایلیٹ کمانڈوز، بکتر بند گاڑیوں اور بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔ ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن کیا گیا تو مسلح ملزمان نے پولیس پراندھا دھند فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ڈاکو حیدری ملنگ مارا گیاجبکہ دیگر ساتھی کمادکی فصل میں فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ہلاک ڈاکو کچہ کے اغواکاروں کا سرگرم مرکزی کارندہ تھا۔ آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او تھانہ بھونگ اورانچارج سی آئی اے سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کامیاب آپریشن پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل، پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزباقاعدگی سے جاری رکھے جائیں اور مزید ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔