کانسٹیبل غلام حسین شہید کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ کا گھر گیا

 ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل غلام حسین شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجا ب ڈاکٹر عثما ن انور کی زیر ہدایت پنجاب پولیس اپنے شہدا کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کیلئے سرگرم عمل ہے۔ شہدا ء کی فیملیز کی مشکلات کے ازالے کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے فرض کی راہ میں شہادت پانے والے ایک اور پولیس اہلکار کے اہلخانہ کو گھر دے دیا ہے۔ رحیم یار خان پولیس کے کانسٹیبل غلام حسین شہید کے اہلخانہ کو ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر دیا گیا۔ شہید کے اہلخانہ کو انکی پسند کے مطابق رائل گارڈن فیز ون رحیم یار خان میں 5 مرلے کا گھر خرید کر دیا گیا۔کانسٹیبل غلام حسین شہید نے ایک برس قبل تھانہ ماچھکہ کے علاقہ میں کچہ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا۔ کانسٹیبل غلام حسین شہید کی اہلیہ اور چار کم سن بچے نئے گھر میں زندگی گذاریں گے۔آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل غلام حسین شہید کی لازوال قربانی کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل غلام حسین شہید نے کچہ آپریشن میں بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل غلام حسین شہید جیسے 1650 سے زائد شہدا اور 1700 غازیوں کی امین فورس ہے۔ شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔