ویب ڈیسک:خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا) کے صوبے میں انضمام کے بعد صوبے کی آبادی اور غربت کی تعداد میں تبدیلیوں کے حوالے سے 7ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں مزید توسیع پر رضامند نہیں ہوگی۔
وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ صوبے کو فاٹا کے انضمام کے بعد مالی مسائل کا سامنا ہے اور اس کے باوجود وفاقی حکومت نے 6 سال کے دوران فاٹا کے رہائشیوں کے لیے این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز کی منتقلی کا مناسب طریقہ کار نہیں اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت فاٹا کے لیے کوئی مخصوص رقم مختص نہیں کی گئی، حالانکہ دیگر صوبوں کے لیے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔صوبائی محکمہ خزانہ نے وفاقی وزارت خزانہ سے این ایف سی ایوارڈ میں فاٹا کے لیے مناسب حصہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے مشاورت کے عمل کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے۔