بانی پی ٹی آئی کے پلیٹ لیٹس کم ہوئے نہ کوئی جہاز آیا: رئوف حسن

ڈیل کرنا ہوتی تو امریکا کے بجائے اپنے لوگوں کیساتھ کرلیتے،ہماری تحریک کا واحد ایجنڈا بانی پی ٹی آئی کی رہائی
اسلام آباد (آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما رئوف حسن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے پلیٹس کم ہوئے نہ کوئی جہاز آیا ہے، بانی کا کہنا ہے وہ اپنی عدالتوں کے ذریعے انصاف لیں گے، انہیں اگر ڈیل کرنا ہوتی تو امریکا کے بجائے اپنے لوگوں کے ساتھ کرلیتے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر ڈیل کرنا ہوتی تو 15 ماہ جیل میں گزارنا ہی نہ پڑتے، بانی پی ٹی آئی واضح کہہ چکے ہیں وہ عدالتوں کے ذریعے رہا ہوں گے۔ رئوف حسن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈیل کرکے بیرون ملک جانا ہی نہیں ہے،وہ ڈیل والی شخصیت ہی نہیں ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کی بانی پی ٹی آئی سے متعلق ٹرمپ سے بات ہوئی تھی، انہیں ریپبلکن رہنمائوں نے یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلسوں اور احتجاج کے ذریعے موبلائزیشن کررہے ہیں، ہماری تحریک کا واحد ایجنڈا بانی پی ٹی آئی کو رہا کروانا ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جو اقدامات کرنے ہیں وہ صوابی جلسے میں طے کیا جائے گا، گنڈاپور تحریک کو لیڈ کریں گے۔