امریکی بحریہ کے افسران کو رشوت دینے کے ملزم کو 15برس قید

کوالالمپور(آئی این پی)ملائیشیا کی ایک کاروباری شخصیت کو امریکی بحریہ میں کرپشن کے سب سے بڑے سکینڈل اور اس معاملے پر ہونے والی عدالتی کارروائی سے غیر حاضری پر 15برس قید کی سزا سنادی گئی ہے۔لینرڈ گلین فرانسس نے2015میں امریکی بحریہ کے سینئر اہلکاروں کو لاکھوں ڈالر کیش، طوائفوں، پرتعیش سفر اور اعلیٰ معیار کی شراب اور سگاروں کی شکل میں رشوت دینے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔فرانسس کے مطابق یہ رشوت دینے کے بدلے انھوں نے امریکی بحریہ سے خفیہ معلومات حاصل کیں اور ان کی بنیاد پر اپنی کمپنی کے لیے امریکی بحریہ سے ساڑھے تین کروڑ ڈالر سے زیادہ کی ادائیگیاں کروائیں۔فرانسس کو 2022میں سزا سنائی جانی تھی لیکن وہ اسی سال ستمبر میں فرار ہو گئے تھے تاہم کچھ ہی دن میں انھیں دوبارہ پکڑ لیا گیا تھا۔عدالت نے 60 سالہ فرانسس پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا اور انھیں یہ حکم بھی دیا کہ وہ امریکی بحریہ کو معاوضے کے طور پر دو کروڑ ڈالر بھی ادا کریں۔