سعودی عرب اور قطر گیا وہاں کہا اب کشکول لے کر نہیں آؤں گا ہر جگہ یہی پیغام دیتا ہوں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت ہرشعبے میں اصلاحات کررہی ہے:وزیراعظم
پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کے لئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ ہوگا، گھریلو صارفین کو مختلف سلیبس میں 11 روپے 42 پیسے سے لے کر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک بچت ہوگی
18 روپے سے 37 روپے یونٹ صنعتوں کو بچت ہوگی، کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 سے 22 روپے فی یونٹ بچت ہوگی،پیکیج سے پاکستان کی ترقی کو ایک بڑا جمپ ملے گا:یوم اقبال پرتقریب سے خطاب
آئی ٹی برآمدات 25 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں:وزیراعظم کی وفد سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد (بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے مفکر پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے،برصغیر سمیت عالمی سطح پر بھی اقبال کا کلام اثر رکھتا ہے، حکومت ہرشعبے میں اصلاحات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے،حکومت نے سردیوں کے 3 ماہ دسمبر تا فروری بجلی اضافی استعمال پر بجلی سہولت پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، سعودی عرب اور قطر گیا وہاں کہا کہ اب کشکول لیکر نہیں آؤں گا ہر جگہ یہی پیغام دیتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں ۔اسلام آباد میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے اور خودی کے پیغام پرعمل کی ضرورت ہے، مفکر پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے، علامہ اقبال نے ہمیں خودی کا پیغام دیا ہے، علامہ اقبال کی شاعری دنیا بھر میں پڑھی جاتی ہے، ایران، ترکیہ مشرق وسطیٰ والے بھی اقبال کے کلام سے واقف ہیں، برصغیر سمیت عالمی سطح پر بھی اقبال کا کلام اثر رکھتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی جکڑ بندیوں کی وجہ سے ہم معاشی طور پر آزاد نہیں، اقبال کے پیغام کو فراموش کرنے کی وجہ سے ہم منزل سے دور ہیں، ہمیں علامہ اقبال کے پیغام کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ’بجلی سہولت پیکج ’دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ہرشعبے میں اصلاحات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، حکومتی اخراجات کی کمی پر توجہ مرکوز ہے، پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیاخراجات کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے، ہم نے اخراجات پر قدغن لگائی ہے، حکومت اپنے اخراجات پر بہت دھیان سے فیصلے کرتی ہے، میں آپ کو ایک اچھی خبر دینا چاہتا ہوں جس سے معیشت ترقی کرے گی اور زراعت و صنعت تیزی سے آگے بڑھیں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معیشت ترقی کررہی ہے، پچھلے سال جو مہنگائی 32 فیصد پر تھی آج 6 اعشاریہ 7 فیصد پر پہنچ گئی ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد پر آگئی ہے، ہم سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں، سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار بڑھے گا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ ہوگا، گھریلو صارفین کو مختلف سلیبس میں 11 روپے 42 پیسے سے لیکر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک بچت ہوگی، 18 روپے سے 37 روپے صنعتوں کو بچت ہوگی، کمرشل صارفین کو 13 روپے 46 سے 22 روپے فی یونٹ بچت ہوگی، پاکستان کی ترقی کو ایک بڑی جمپ ملے گا، اس پیکج کے لیے وزیر پاور ڈویژن کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ شہبازشریف نے کہا کہ حکومت ہر شعبے میں اصلاحات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، پنجاب میں وسائل سے محروم طلبا کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع دیے جاتے ہیں، انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے لاکھوں ہونہار طلبا کو وظائف دیے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سردیوں کے 3 ماہ دسمبر تا فروری بجلی اضافی استعمال پر بجلی سہولت پیکیج دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، بجلی سہولت کا اطلاق اس سال دسمبر سے اگلے سال فروری تک کے بلوں پر ہوگا۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور قطر گیا وہاں کہا کہ اب کشکول لیکر نہیں آؤں گا ہر جگہ یہی پیغام دیتا ہوں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے آئندہ تین سالوں میں پاکستان سے آئی ٹی کی برآمدات کو 25 بلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔وزیراعظم سے وی آن گروپ کے چیئرمین آوگی کے فیبیلا کی قیادت میں 5 رکنی وفد نے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی تیز تر موبائل انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹائز یشن اور مصنوعی ذہانت کے فروغ کے حوالے سے وی آن گروپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔