علما جمعہ اجتماعات میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قراردادیں منظور کرائیں،پور ی قوم دشمن کیخلاف متحد،جے یوآئی سربراہ
لاہور(خصوصی رپورٹ)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے آج جمعہ کو ملک بھر میں یوم دفاع وطن منانے کا اعلان کیا ہے اور علما و خطبا سے اپیل کی ہے کہ جمعہ کے اجتماعات میں بھارتی جارحیت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور کروائیں اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کے عزم کا اظہار کریں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہیکہ وطن کا دفاع کرنا ہم پر فرض اور ہمارا ایمانی حق ہے۔ دشمن کیخلاف پوری قوم متحد ہے اوراسکی ہر جارحیت کا جواب دینے کیلئے سیسہ پلائی دیوارکی مانند ہے۔ پارٹی رہنمائوں مولانا امجد خان اور حافظ غضنفر عزیز کاکہنا ہے کہ ملک کے دفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں ،ہماری بہادر فوج بڑی مضبوطی اور جرات کے ساتھ ملکی سلامتی کے تحفظ کیلئے دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی ہے اور پوری قوم انکی پشت پر ہے۔