پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کے باعث ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے رجحان میں نمایاں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، اور سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اس حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔
ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق، صرف ایک ماہ کے دوران 2,956 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئی ہیں، جس کے بعد ملک میں کل رجسٹرڈ کمپنیوں کی تعداد 2 لاکھ 52 ہزار 322 تک پہنچ گئی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 99 فیصد کمپنیاں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے رجسٹرڈ ہوئیں، جو کہ کارپوریٹ سیکٹر میں ڈیجیٹلائزیشن کی کامیاب حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے۔نئی رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 56 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں ہیں، جب کہ 39 فیصد سنگل ممبر کمپنیاں ہیں، جبکہ باقی کمپنیاں پبلک اَن لسٹڈ، غیر منافع بخش ادارے اور تجارتی تنظیمیں شامل ہیں۔ایس ای سی پی کی رپورٹ کے مطابق، مختلف شعبوں میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں سب سے زیادہ آئی ٹی اور ای کامرس سیکٹرز میں کمپنیاں رجسٹر ہوئیں، جن کی تعداد 584 ہے۔ اس کے بعد ٹریڈنگ سیکٹر میں 402 کمپنیاں اور سروسز سیکٹر میں 363 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں غیرملکی سرمایہ کاری بحرین، چین، جرمنی، یونان، انڈونیشیا، عراق اور کینیا جیسے ممالک سے آئی ہے۔ اس کے علاوہ ملائیشیا، نیپال، نائیجیریا، سعودی عرب، ترکی اور امریکہ سے بھی سرمایہ کاری کے رجحانات میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔پاکستان میں کاروباری رجحانات میں اضافہ اور غیرملکی سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نہ صرف ملک کی معیشت کے لیے مثبت ثابت ہو رہی ہے بلکہ یہ عالمی سطح پر پاکستان کی کاروباری ماحول کی بہتری کی عکاسی بھی کر رہی ہے۔