بھارتی وزیراعظم کو ہٹلر سے کم نہ سمجھا جائے:ملک احمد خان

پاکستان پر مسلط کی جانے والی یہ جارحیت دراصل خود ہندوستان کیلئے نقصان دہ ہوگی
 بھارتی جنگی جہاز گرانا کوئی معمولی بات نہیں، حملہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کیا گیا
لاہور(سپیشل رپورٹر )  سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  بھارتی وزیراعظم کو ہٹلر سے کم نہ سمجھا جائے، وہ کمزور سوچ کے ساتھ ہندوتوا نظریے پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان پر مسلط کی جانے والی یہ جارحیت دراصل خود ہندوستان کے لیے لنقصان دہ ثابت ہوگی۔ پہل ہمیشہ ہندوستان کی جانب سے کی گئی، اور اب بھی پہلگام کے واقعے کے بعد پاکستان نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔ بھارتی جنگی جہاز گرانا کوئی معمولی بات نہیں، حملہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کیا گیا۔ اس جارحیت کے باعث نہ صرف شہری زندگی متاثر ہوئی بلکہ معصوم بچے بھی شہید ہوئے، جو انسانیت کے خلاف بدترین جرم ہے۔