قصور،تلونڈی، شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ)قصور اور شیخوپورہ میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 7افراد جاں بحق ہوگئے۔ پہلے واقعہ میں کوٹ پربیرا ہ کندن موڑچونیاں بائی پاس پر موٹر سائیکل درخت سے ٹکرا جانے سے 2 نوجوان جان کی بازی ہارگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوںنوجوانوں نیسرکی شدید چوٹوں کے باعث موقع پر دم توڑدیا۔جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ عامر ولد حسن شاہ اور 23 سالہ ابوبکر ولد عبدالرشید کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرے واقعہ میں بھٹہ گوریانوالہ کے قریب تیزرفتار موٹرسائیکل آوارہ پھرتی گدھی سیٹکراجانے سے 2 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ گدھی بھی شدید زخمی ہوگئی۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار 24سالہ فاران عمر ولد محمد فاروق اور کھارا روڈ قصور کا رہائشی 31سالہ محمد اویس ولد محمد اشرف بائیک سے گرے اور فٹ پاتھ کے ساتھ سر ٹکرانے پر ہیڈ انجری ہوئی اور موقع پر چل بسے۔تیسرے واقعہ میں شیخوپورہ میں تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سواروں پر چڑھ دوڑا، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3نوجوان جاں بحق، ایک شدید زخمی ہو گیا۔حادثے میں واہگراں گاؤں نزد فیض پور کے رہائشی 30 سالہ عارف، 30 سالہ ناصر اور 25 سالہ بلال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے ،جبکہ 25 سالہ فاروق شدید زخمی ہوا۔