گرمیوں میں ٹریفک وارڈنز نیوی بلیو پینٹ، سفید شرٹ اور ریفلیکٹو جیکٹ کا استعمال کرینگے:سی ٹی او ڈاکٹر اطہر
لاہور (کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس کے بعد ٹریفک پولیس کی بھی یونیفارم تبدیل، سی ٹی او لاہور نے خواتین کے عالمی دن پر دیگر افسروں کیساتھ نیا یونیفارم پہن کر افتتاح کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ٹریفک پولیس لاہور کے نئے یونیفارم کی پروقار تقریبِ جیل روڈ ٹریفک پولیس کے آبشار آفس میں منعقد ہوئی۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے نیا یونیفارم پہن کراس کا باقاعدہ آغاز کر دیا،سی ٹی او اور دیگر سینئر افسروں نے ٹریفک وارڈنز کے ہمراہ نیا یونیفارم زیبِ تن کر لیا۔سٹی ٹریفک پولیس لاہور کا تمام عملہ آج سے لاہور کی شاہراہوں پر نئے یونیفارم کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کا آغاز کرے گا۔سی ٹی او اطہر وحید کا کہنا ہے کہ جدید طرز اور منفرد انداز سے تیار کردہ یونیفارم وارڈنز کی سہولت کے ساتھ شہریوں کیلئے بھی ایک خوشگوار اور عوام دوست تاثر پیدا کرے گا۔گرمیوں میں ٹریفک وارڈنز نیوی بلیو پینٹ، سفید شرٹ اور ریفلیکٹو جیکٹ جبکہ سردیوں میں نیوی بلیو جرسی کا استعمال کریں گے،لائسنسنگ سینٹرز اور دفاتر میں تعینات مرد و خواتین عملہ نیوی بلیو پینٹ، کوٹ، ٹائی، سفید شرٹ اور پی کیپ کے ساتھ فرائض سرانجام دے گا۔