ایرانی حکومت دنیا کو دھوکا دینے کے لیے اس طرح کے دعوے کر رہی ہے‘ امریکی عہدیداران
واشنگٹن (آئی این پی) امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ جنگ کے دوران ایرانی فورسز نے چند امریکی فوجیوں کو قیدی بنا لیا ہے۔ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ کئی امریکی فوجی ایرانی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا ان گرفتاریوں کو چھپانے کے لیے انہیں جنگ میں ہلاکتیں ظاہر کر رہا ہے۔تاہم امریکی فوج نے اس دعوے کو فوری طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ امریکی بحریہ کے کیپٹن ٹم ہاکنز نے کہا کہ ایرانی حکومت دنیا کو دھوکا دینے کے لیے اس طرح کے دعوے کر رہی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان نے بھی کہا کہ ایران کی جانب سے امریکی فوجیوں کی گرفتاری کا دعوی بے بنیاد ہے اور اس میں کوئی حقیقت نہیں۔