طلاق کے باوجود ’سنگل مدر‘ نہیں، ایشا دیول کی وضاحت

طلاق کے باوجود ’سنگل مدر‘ نہیں، ایشا دیول کی وضاحت

بالی ووڈ اداکارہ ایشا دیول نے اپنے سابق شوہر بھرت تختانیسے علیحدگی کے بعد خود کو ’’سنگل مدر‘‘ کہے جانے پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ذاتی اور خاندانی صورتحال پر کھل کر بات کی ہے۔

44 سالہ اداکارہ نے 2024 میں تقریباً 12 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد بھرت تختانی سے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اس جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں، رادھیا اور میرایا، جن کی پرورش دونوں والدین مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں ایشا دیول نے واضح کیا کہ اگرچہ وہ اس وقت اکیلی رہ رہی ہیں، لیکن خود کو ’’سنگل مدر‘‘ کے طور پر پیش کیے جانے سے اتفاق نہیں کرتیں۔ ان کے مطابق وہ اور ان کے سابق شوہر بچوں کی پرورش کے معاملے میں ایک ٹیم کی طرح کام کر رہے ہیں اور والدین کی ذمہ داریاں باہمی تعاون سے نبھا رہے ہیں۔اداکارہ نے کہا کہ بچوں کی پرورش کے لیے ضروری ہے کہ علیحدگی کے باوجود دونوں والدین ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہیں اور فیصلے مشترکہ طور پر کریں۔ ان کے مطابق طلاق کے بعد والدین کی ذمہ داریاں ختم نہیں ہوتیں بلکہ ان کی نوعیت تبدیل ہو جاتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی زندگی کو اس زاویے سے نہیں دیکھتیں کہ انہیں ’’سنگل مدر‘‘ کہا جائے، اور نہ ہی وہ اس لیبل کو اپنی شناخت کا حصہ سمجھتی ہیں۔ ان کے مطابق بچوں کی فلاح و بہبود سب سے اہم ہے اور اسی مقصد کے لیے دونوں والدین ایک مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ دھرمیندر  اور ہیما مالنی کی صاحبزادی ایشا دیول نے 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی۔ بعد ازاں 2024 میں دونوں نے علیحدگی اختیار کی، تاہم ان کے درمیان خوشگوار تعلقات اور مشترکہ والدین کے کردار کو شوبز حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔