لاہور(کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے سموگ کی روک تھام اور حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے جدید کیمروں اور ڈرونز کی مدد سے کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران ماحولیاتی قوانین کی 2675 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی، جن پر 1398 جرمانے اور 834 وارننگز جاری کی گئیں۔ دھواں چھوڑنے والی 1240 گاڑیوں کی نشاندہی کرکے ای چالان اور قانونی کارروائی کی گئی، جبکہ بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 1362 گاڑیاں بھی ریکارڈ کی گئیں۔باربی کیو اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی 146 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن پر 134 وارننگز جاری کی گئیں۔ صنعتی آلودگی کے 16 کیسز میں سے 13 متعلقہ محکموں کو بھجوائے گئے، جبکہ کوڑا جلانے کے چھ واقعات میں سے پانچ پر کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ شہری سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دے سکتے ہیں۔