پرزن فا ئونڈیشن مراعات میں30 فیصد اضافے کی منظوری

شادی گرانٹ، سکالرشپ اور فلاحی امداد کی رقم میں نمایاں اضافہ کردیا گیا
تمام فلاحی کیٹیگریز میں تقریباً 30 فیصد سالانہ اضافے کی منظوری دی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) ہوم ڈیپارٹمنٹ میں چیئرمین پرزن فا ئونڈیشن و ہوم سیکرٹری پنجاب احمد جاوید قاضی کی سربراہی میں پنجاب پرزن فا ئونڈیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں نئے جیل ریفارمز منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ گزشتہ چھ ماہ کے اخراجات اور عملے کی تنخواہوں کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ملازمین اور ریٹائرڈ جیل اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف مالی امدادی پیکیجز میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ بیٹیوں کی شادی کے لیے گرانٹ کی رقم کم از کم تین لاکھ سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے تک مقرر کی گئی، جبکہ طالب علم بچوں کے لیے سکالرشپ کی رقم پچاس ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ پچیس ہزار روپے تک کر دی گئی۔اسی طرح تجہیز و تکفین گرانٹ ایک لاکھ سے بڑھا کر ایک لاکھ تیس ہزار روپے کر دی گئی جبکہ خصوصی افراد (معذور بچوں) کے لیے گرانٹ 72 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے مقرر کر دی گئی۔ تمام فلاحی کیٹیگریز میں تقریباً 30 فیصد سالانہ اضافے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بحیثیت سیکرٹری جنرل پرزن فا ئونڈیشن یہ ریٹائرمنٹ سے قبل آخری اجلاس تھا، جس میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ جیل ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کے لیے پیکیجز کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے گئے۔