فیکٹری ورکر قتل، ملزم گرفتار

60سالہ ملزم نے پلاسٹک کچرا تولنے کے تنازع پرمہتاب کو چھریاں مار دیں 
شاہدرہ (کرائم رپورٹر) شاہدرہ کے علاقے میں 28 سالہ فیکٹری ورکر مہتاب کے قتل کے مقدمے میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق واقعے کی اطلاع 15 پر موصول ہونے کے بعد شاہدرہ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ مقتول مہتاب اور 60 سالہ ملزم کے درمیان پلاسٹک کے کچرے کو تولنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جو بعد ازاں شدت اختیار کر گیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے طیش میں آ کر مہتاب کے سینے پر چھری سے وار کیا۔ زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔شاہدرہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ایس پی سٹی عاطف امیر نے قتل کے ملزم کی فوری گرفتاری پر اے ایس پی شاہزیب، ایس ایچ او شاہدرہ، انچارج چوکی بیگم کوٹ رضوان اور دیگر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔