ملزمان کی فائرنگ سے وقاص کے کندھے پر گولی لگی ، ہسپتال میں چل بسا،نامزد 3ملزم زیرحراست
لاہور (کرائم رپورٹر) شفیق آباد کے علاقے میں معمولی لڑائی جھگڑے کے دوران ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں وقاص نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ایف آئی آر میں نامزد تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے وقاص کے کندھے پر گولی لگی تھی۔ زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا اور دورانِ علاج دم توڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او شفیق آباد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں نامزد تین ملزمان کو حراست میں لے لیا، جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ معمولی لڑائی جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا۔ واقعے کے مختلف پہلوئوں پر مزید تحقیقات اور تفتیش جاری ہے۔ایس پی سٹی عاطف امیر کا کہنا ہے کہ تمام ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔