ترقی، جمہوریت، عوامی خدمت اور مثبت سیاسی سوچ کے ایجنڈے کو ووٹ دیا :نائب صدر پی پی
اسلام آباد(آن لائن )نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے فاتح امیدواروں، کارکنان اور جیالوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو عوامی اعتماد، جمہوری جدوجہد اور پارٹی کے عوامی منشور کی فتح قرار دیا ہے۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اس شاندار کامیابی پر خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھرپور خراجِ تحسین کے مستحق ہیں، جنہوں نے انتخابی مہم کے دوران متحرک، مؤثر اور عوامی رابطوں پر مبنی مہم چلا کر پارٹی کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے نفرت، تقسیم اور انتشار کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے ترقی، جمہوریت، عوامی خدمت اور مثبت سیاسی سوچ کے ایجنڈے کو ووٹ دیا ہے۔