گلگت بلتستان میں عوامی طاقت، جمہوری شعور اور وفاقی یکجہتی کو فتح ملی:مخدوم سید احمد محمود

انتخابات میں عوام نے ثابت کردیا بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا فلسفہ آج بھی  دلوں میں زندہ ہے
انتخابی نتائج اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں پیپلز پارٹی  پورے پاکستان کی نمائندہ وفاقی جماعت ہے:سابق گورنر
لاہور(خصوصی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب، مخدوم سید احمد محمود نے گلگت بلتستان اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی نمایاں کامیابی پر پارٹی چیئرمین، مرکزی و صوبائی قیادت، جیالے کارکنان اور بالخصوص گلگت بلتستان کے باشعور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو عوامی طاقت، جمہوری شعور اور وفاقی یکجہتی کی تاریخی فتح قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے ایک مرتبہ پھر پاکستان پیپلز پارٹی پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا فلسفہ آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ یہ کامیابی محض چند نشستوں کی جیت نہیں بلکہ اس نظریے کی فتح ہے جو عوامی خدمت، جمہوری اقدار، آئینی بالادستی، سماجی انصاف اور محروم طبقات کے حقوق کی ترجمانی کرتا ہے۔مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے اْن تمام عناصر کے دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے جو پاکستان پیپلز پارٹی کو کسی مخصوص خطے تک محدود جماعت قرار دیتے تھے۔  انتخابی نتائج اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کی نمائندہ وفاقی جماعت ہے، جس کی جڑیں عوام کے دلوں میں پیوست ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھٹو ازم ایک سیاسی نعرہ نہیں بلکہ عوامی حقوق، قومی وحدت، جمہوریت اور مساوات کا ایسا فلسفہ ہے جس نے ہر دور میں مظلوم، محروم اور پسے ہوئے طبقات کو آواز دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جہاں بھی عوام کو امید، خدمت اور ترقی کا راستہ دکھائی دیتا ہے، وہاں پاکستان پیپلز پارٹی کو پذیرائی ملتی ہے۔مخدوم احمد محمود نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری کی نوجوان، متحرک اور عوام دوست قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایک روشن مستقبل کے لیے اپنی امیدوں کا اظہار کیا ہے۔ یہ اعتماد ہمارے لیے اعزاز بھی ہے اور ذمہ داری بھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی اس امانت کو اپنی سیاسی کامیابی نہیں بلکہ خدمت کے عہد کے طور پر قبول کرتی ہے۔