ٹک ٹاک پر ٹیلر سوئفٹ سے زیادہ مقبول ہوں، ٹرمپ کا دعویٰ

ٹک ٹاک پر ٹیلر سوئفٹ سے زیادہ مقبول ہوں، ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی بااثر شخصیت ہیں اور عالمی شہرت یافتہ پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ان سے کافی پیچھے ہیں، تاہم عوامی طور پر دستیاب اعداد و شمار ان کے اس دعوے کی تائید نہیں کرتے۔

وائٹ ہاؤس میں حالیہ میڈیا بریفنگ کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ دو روز قبل جاری ہونے والے نئے اعداد و شمار کے مطابق ٹک ٹاک پر وہ پہلے نمبر پر ہیں۔ انہوں نے کہا، "کیا آپ جانتے ہیں کہ ٹک ٹاک پر پہلے نمبر پر کون ہے؟ ٹرمپ، یعنی میں۔ ٹیلر سوئفٹ گیارہویں نمبر پر ہیں اور میں بہت بڑے مارجن سے پہلے نمبر پر ہوں۔"تاہم 7 جولائی تک دستیاب عوامی اعداد و شمار کے مطابق ٹرمپ کے سرکاری ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 1 کروڑ 66 لاکھ (16.6 ملین) فالوورز ہیں، جبکہ ان کی ویڈیوز کو مجموعی طور پر 12 کروڑ 18 لاکھ (121.8 ملین) لائکس ملے ہیں۔

دوسری جانب ٹیلر سوئفٹ کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر تقریباً 3 کروڑ 35 لاکھ (33.5 ملین) فالوورز موجود ہیں، جبکہ ان کی نسبتاً کم تعداد میں شیئر کی گئی ویڈیوز کو 27 کروڑ 40 لاکھ (274 ملین) سے زائد لائکس حاصل ہو چکے ہیں۔مزید برآں، نہ ڈونلڈ ٹرمپ اور نہ ہی ٹیلر سوئفٹ ٹک ٹاک کے سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے اکاؤنٹس میں پہلے نمبر پر ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر خابی لیم، چارلی ڈی اَمیلیو اور مسٹر بیسٹ جیسے معروف کریئیٹرز کے فالوورز کی تعداد ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ دونوں سے کہیں زیادہ ہے۔