امریکی پاپ اسٹار ٹیلر سوئفٹ اور این ایف ایل اسٹار ٹریوس کیلسی کی شادی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے معروف مقام میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلسی کی شادی کے بعد وہاں نصب ویڈیو بورڈز پر دونوں کی شادی کا پیغام نشر کیا گیا، جس سے ان کی شادی کی تصدیق ہوئی۔اس کے بعد امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہاؤس کے سرکاری ایکس (X) اکاؤنٹ سے ایک ترمیم شدہ تصویر شیئر کی گئی، جو میڈیسن اسکوائر گارڈن کے ویڈیو بورڈ پر دکھائے گئے اصل شادی کے پیغام سے مشابہ تھی۔ تاہم اس میں "Just Married" کی جگہ "Trump is your president" کے الفاظ درج کیے گئے تھے۔یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور صارفین کی جانب سے اس پر مختلف ردعمل سامنے آئے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور ٹیلر سوئفٹ کے درمیان سیاسی اختلافات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ٹیلر سوئفٹ نے ٹرمپ کی حریف کمالا ہیرس کی حمایت کی تھی، جبکہ ٹرمپ نے ماضی میں عوامی طور پر کہا تھا کہ وہ ٹیلر سوئفٹ کو ناپسند کرتے ہیں۔