نیویارک: امریکا کے شہر نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے ارجنٹینا اور مصر کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے متنازع فیصلوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ یہ مقابلہ مصر سے چھین لیا گیا۔
ظہران ممدانی اپنے نئے ٹرانسپورٹ منصوبے "Next Stop: Better Buses, Faster Service" کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بہتر سفری سہولتیں شہریوں کا قیمتی وقت بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور اس منصوبے کے تحت سفر کا دورانیہ نمایاں طور پر کم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کم سفر کا مطلب یہ ہے کہ لوگ صبح کام پر جانے سے پہلے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سکون سے ناشتہ کر سکیں گے اور شام کو بروقت گھر پہنچ کر اپنے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملے گا۔گفتگو کے اختتام پر ظہران ممدانی نے ارجنٹینا اور مصر کے میچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، "اس کا مطلب ہے کہ آپ اپنے دوستوں کی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کل کا میچ مصر سے چھینا گیا۔"
ان کے اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر پہلے سے جاری بحث میں مزید شدت آ گئی، جہاں صارفین میچ کے دوران ریفریز کے متنازع فیصلوں پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ ارجنٹینا کی ڈرامائی فتح کے بعد مصر کی ٹیم کے ہیڈ کوچ، کھلاڑیوں اور شائقین نے ریفریز کے متعدد فیصلوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں میچ کے نتیجے پر اثرانداز ہونے والا قرار دیا ہے۔