پشاور: محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا، جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
تاہم مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی بھی توقع ظاہر کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دیر بالا، دیر لوئر، اپر و لوئر چترال، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر اور باجوڑ میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔اسی طرح اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہری پور، مردان، صوابی، مہمند، خیبر، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم، اورکزئی اور شمالی و جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز صوبے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت پشاور میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں 42، پٹن اور تخت بھائی میں 40، دیر اور چترال میں 35، جبکہ کالام اور مالم جبہ میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ممکنہ آندھی، موسلا دھار بارش اور شدید گرمی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری طور پر کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔