بوسیدہ سیوریج نظام ،نکاسی آب شدیدمتاثر، مکینوں کے لیے وبال جان ، 6ارب 60کروڑ مختص کرنیکی تجویز
لاہور (کرائم رپورٹر)اندرون لاہور کی تنگ گلیوں میں دہائیوں پرانا بوسیدہ سیوریج نظام اور پرانی پانی کی لائنیں مکینوں کے لیے وبال جان بن چکی ہیں۔ گھروں میں گندا پانی آنا معمول بن گیا ہے اور نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہے۔ ایسے میں پنجاب حکومت نے والڈ سٹی لاہور میں سیوریج و واٹر سپلائی کا جامع اپ گریڈ پلان تیار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے والڈ سٹی لاہور کے تاریخی علاقوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے 6 ارب 60 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔یہ منصوبہ آئندہ مالی سال 2025-26 کی ورکنگ پارٹی میں پیش ہوگا اور 2027 کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ واسا نے اندرون شہر کی بوسیدہ اور بار بار لیک ہونے والی سیوریج لائنوں کے باعث گھروں میں آنے والے گندے پانی کے مسئلے کے حل کے لیے پی سی ون تیار کر لیا ہے۔منصوبے کے تحت دہلی گیٹ، بھاٹی گیٹ، کشمیری گیٹ، لوہاری گیٹ، روشنائی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ سمیت تاریخی دروازوں کے علاقوں میں جامع اپ گریڈ کیا جائے گا۔ تنگ اور پرانی گلیوں میں نئی سیوریج اور پانی کی لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ نیا ڈسپوزل سٹیشن اور جدید ٹیوب ویل بھی نصب ہوں گے۔